• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج

میر شکیل کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج


جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف کراچی، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

مظاہروں میں صحافتی تنظیموں، سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

کراچی
جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف آزادی گلی کراچی میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔

احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے رہنما حافظ محمد نعیم شامزئی اور جنرل سیکرٹری یونائیٹڈ ورکرز یونین واٹر بورڈ اکرام خان نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو حق اور سچ کہنے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے ، ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

شرکاء سے سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، جنرل سیکرٹری دی نیوز یونین دارا ظفر، سیکرٹری جاوید پریس رانا محمد یوسف اور دیگر نے خطاب کیا۔

راولپنڈی
ایڈیٹرانچیف جنگ و جیو گروپ میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف جنگ راولپنڈی آفس کے باہر مظاہرے میں سیاسی و سماجی جماعتوں، سول سوسائٹی، صحافیوں اور جنگ، جیو اور دی نیوز کے کارکنوں نے شرکت کی۔

مظاہرے سے مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما عبید عباسی، جنگ گروپ کے اسلم بٹ، منیر شاہ، امجد عباسی، سینئر صحافی ناصر زیدی، ناصر چشتی اور میگزین انچارج جنگ راولپنڈی ندیم خان نے خطاب کیا۔

لاہور
 جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف لاہور میں بھی 66 ویں روز احتجاج جاری ہے۔

احتجاجی مظاہرے میں صدر سول سوسائٹی عبداللّٰہ ملک، سینئر صحافی شاہین قریشی نے شرکت کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ 34 سال پرانے پرائیویٹ پراپرٹی کیس میں میرِ صحافت کی گرفتاری سرا سر ناجائز ہے، صحافی آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

پشاور
پشاور میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جنگ جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے سامنے کیا گیا، جس میں جنگ ،جیو کے صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو کسی ثبوت اور مقدمہ کے بغیر جیل میں ڈالا گیا ہے۔

کوئٹہ
 کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں جنگ اور جیو کے کارکنوں نے شرکت کی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن اور ان کے اداروں کو حق اور سچ کی آواز بلند کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔

تازہ ترین