پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی عوام ڈراموں میں مرد کو بہادر اور عورت کو باحجاب دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
انسٹاگرام پر صاحبہ نے اپنا اور ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی’حلیمہ سلطان‘ کا فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانیوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ارطغرل جیسی مضبوط کہانی، عورت کو باپردہ اور مرد کو بہادر دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
صاحبہ نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے بھی ارطغرل غازی کے بارے میں اُن کی رائے دریافت کی۔
اِس سے قبل صاحبہ کے شوہر اور پاکستان کے نامور اداکار افضل خان عرف جان ریمبو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ’ارطغرل غازی‘ کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ارطغرل غازی کی تعریف میں کہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔‘
اُنہوں نے لکھا تھا کہ’ایسا کام دیکھ کر دل کو حسرت ہوتی ہے کہ کاش ہمیں بھی ایسا کام کرنے کا موقع ملتا اور کاش ہم سے بھی ایسا کوئی کام لیا جاتا، ہماری انڈسٹری میں تو سب کو ایک جیسا کام دے دے کر فنکاروں پر نقل کرنے کی مہر لگا دیتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو جو مقبولیت مل رہی ہے وہ اِس سے قبل کسی ترکش ڈرامے کو نہیں ملی۔
اسلامی فتوحات پر مبنی تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں 13ویں صدی میں سلطنت عثمانیہ کے قیام سے پہلے کا دور دِکھایا گیا ہے۔
اِس سیریز کا مرکزی کردار ایک بہادری جنگجو ’ارطغرل‘ ہے جس نے ایمان کی طاقت ، اللّہ پر یقین اور اپنی بہادری سے منگولوں، صلیبیوں جیسے دشمنوں کو شکست دی۔
یہی وجہ ہے کہ اسلامی تاریخ پر مبنی اِس تُرک سیریز کو پاکستان میں خوب پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور پاکستانی ارطغرل غازی کے اداکاروں کے بھی بےحد پسند کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اُردو زبان میں ڈب کرکے یکم رمضان سے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔