لونڈی بھنڈراں،لاہور(این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت بدترین بحران کا شکار ہے ، نئے آنے والے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کرتا ہوںکہ وہ فورا فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ دیں ورنہ الیکشن کمیشن کی ساکھ بھی متاثر ہو جائے گی، حکومت کی کارکردگی صفر ہے،لاک ڈائون کے ساتھ مذا ق کیا گیا ، جتنی قسمیں پاکستان میں اسکی ایجاد ہوئیں شائد ہی کسی ملک میں ہو ئی ہوں،۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کورونا کا مقابلہ کر رہا ہے اور کورونا وائرس ابھی بھی ملک میں پھیل رہا ہے لیکن حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے جب حکومت سے اسمبلی میں پوچھا گیا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے کیا حکمت عملی ہے تو وہ کو ئی حکمت عملی ایک صفحہ کی شکل میں پیش نہیں کر سکی بلکہ آنے والے دو تین ماہ کا کیا روڈ میپ ہے وہ بھی اسمبلی میں پیش نہیں کرسکی ۔