کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے اسکول فیسوں میں رعایت سے متعلق ریمارکس میں کہا ہے کہ آرڈیننس کے بعد اب تو نجی اسکولوں کو فیسوں میں 20فیصد رعایت دینا ہوگی کیونکہ درخواست گزار نے خصوصی حکم نامہ چیلنج کیا ہے، آرڈیننس کو نہیں تاہم ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے فیس کمی سے متعلق اسپیشل آرڈر واپسی کیلئے مہلت طلب کی جس پر فاضل عدالت نے سماعت 20مئی تک ملتوی کردی۔ پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ سید شبیر شاہ ایڈووکیٹ ، پرائیوٹ اسکولز کی جانب سے ارشد طیب علی ایڈووکیٹ اور فیصل صدیقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت جسٹس عدنان کریم نے ریمارکس میں کہا کہ گذشتہ دنوں جو آرڈیننس پاس ہوا ہے اسکے تحت تو نجی اسکول انتظامیہ کو فیسوں میں 20فیصد کمی کرنا پڑیگی۔ کیونکہ درخواست گزار نے آرڈیننس کو تو چیلنج نہیں کیا۔