کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان کے پہلے سوال ملک میں کورونا کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا حکومت کا لاک ڈاؤن ختم کرنا درست اقدام ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہاکہ مارکیٹوں میں رش دیکھ کر نہیں لگتا کہ یہ قوم بھوکی مر رہی ہے،کورونا وائرس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ کنفیوژن کا شکار ہیں، کورونا سے متعلق سوال کا جواب وقت دے گا۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ ملک میں پہلے دن سے آج تک کوئی لاک ڈاؤن نہیں تھا، چیف جسٹس کا شکریہ انہوں نے عوام، حکومت،کاروباری طبقے اورکورونا سب کی مشکلیں آسان کردیں، انہوں نے لاشوں پر سیاست کرتے ساس بہو بنے کورونا سیاستدانوں سے جان چھڑادی ہے۔