• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعصام الحق کی امدادی مہم، کامران اکمل نے اپنا بیٹ عطیہ کردیا


قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ٹینس اسٹار اعصام الحق کی کورونا متاثرین کے لیے شروع کی گئی امدادی مہم میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے اپنا دستخط شدہ بیٹ عطیہ کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعصام الحق نے اپنے اکاؤنٹ سے کامران اکمل کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ اعصام الحق کو عطیہ کیا جانے والا بیٹ اُن کے دل کے بہت قریب ہے لیکن وہ یہ بیٹ ایک نیک مقصد کیلئے دے رہے ہیں۔

45 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو پیغام میں کامران اکمل نے بتایا کہ اعصام الحق اچھا کام کررہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں سپورٹ کریں اس لیے میں انہیں اپنے دل سے قریب بیٹ دے رہا ہوں تاکہ وہ کورونا متاثرین کی مدد کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ عطیہ کئے جانے والے بیٹ سے انہوں نے کراچی میں پی ایس ایل کے سیزن ٹو میں پہلی سینچری بنائی تھی، سیزن 3 میں لاہور قلندرز کے خلاف شارجہ میں سینچری داغ چکے ہیں۔

کامران اکمل نے یہ بھی بتایا کہ اسی بیٹ سے وہ تیز ترین نصف سینچری بھی بنانے میں کامیاب رہے تھے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی وہ اس سے قابلِ فخڑ کھیل پیش کرچکے ہیں۔

انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ مستقبل میں بھی اعصام الحق کی مہم کو سپورٹ کرتے ہوئے اس کا حصہ بنتے رہیں گے۔

ٹینس اسٹار نے کامران اکمل کے اس عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

کامران اکمل کا اس ٹوئٹ کے ردعمل میں کہنا تھا کہ وہ اس عظیم مہم کا حصہ بننے  پر بے حد خوش ہیں، اللّہ ہماری کوششوں کو قبول فرمائے۔

اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اعصام الحق فاؤنڈیشن کو شاہ رخ خان کا دستخط شدہ ہیلمٹ عطیہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کو راشن اور دیگر ضروری سامان کی تقسیم کا کام کررہے ہیں۔

دنیا کے ٹاپ ٹینس اسٹارز نے اعصام کے مشن میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف چیزیں عطیہ کی ہیں جن کو نیلام کیا جائے گا۔

’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ مہم کے تحت اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اپنا دستخط شدہ اسکواش ریکیٹ، شہباز احمد نے 1994ء ورلڈ کپ کی ہاکی، عامر خان نے اپنے باکسنگ گلووز، شعیب ملک اور سرفراز احمد نے اپنی شرٹس اور شعیب اختر اور وسیم اکرم اپنی دستخط شدہ بالز عطیہ کرچکے ہیں۔

تازہ ترین