قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اعصام الحق فاؤنڈیشن کو شاہ رخ خان کا دستخط شدہ ہیلمٹ عطیہ کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعصام الحق نے شعیب اختر کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس میں شعیب اختر اپنا مین آف دی میچ کے طور پر ملنے والا ہیلمٹ عطیہ کر رہے ہیں۔
اعصام الحق نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ شعیب اختر کا عطیہ کردہ ہیلمٹ شاہ رخ خان نے آئی پی ایل کے اولین ایڈیشن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے دہلی ڈیئرڈیولز کے خلاف شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر تحفے میں دیا گیا تھا۔
12سال پہلے آئی پی ایل میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے شعیب اختر کو ملنے والا بھارتی اداکار شاہ رخ خان کا دستخط شدہ قیمتی ہیلمٹ نیک مقصد کے لیے دینے پر اعصام الحق نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔
شعیب اختر نے اعصام الحق کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اپنا ہیلمٹ ایک عظیم مقصد کے لیے پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کو راشن اور دیگر ضروری سامان کی تقسیم کا کام کررہے ہیں۔
دنیا کے ٹاپ ٹینس اسٹارز نے اعصام کے مشن میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف چیزیں عطیہ کی ہیں جن کو نیلام کیا جائے گا۔
’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ مہم کے تحت اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اپنا دستخط شدہ اسکواش ریکیٹ، شہباز احمد نے 1994ء ورلڈ کپ کی ہاکی، عامر خان نے اپنے باکسنگ گلووز، شعیب ملک اور سرفراز احمد نے اپنی شرٹس اور شعیب اختر اور وسیم اکرم اپنی دستخط شدہ بالز عطیہ کرچکے ہیں۔