• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز الدین صدیقی کی اہلیہ کا بچوں کی کسٹڈی کا مطالبہ

بجرنگی بھائی جان، بدلہ پور اور کِک جیسی نامور بھارتی فلموں میں اپنی منفرد اداکاری کے جوہر دکھانے والے بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ نے اپنے شوہر سے خلع کے مطالبے کے بعد بچوں کی کسٹڈی کا بھی مطالبہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ نے اپنے ایک انٹرویو میں  کہا کہ ’بہت ساری باتیں ایسی ہیں جو میں عام کرنا  نہیں چاہتی لیکن نوازالدین صدیقی اور میرے درمیان مسائل شادی کے فوراً بعد ہی شروع ہوگئے تھے۔‘

عالیہ نے کہا کہ ’لاک ڈاؤن کے دوران مجھے اِن معاملات پر غور کرنےکے لیے کافی وقت ملا جس کے بعد میں اِس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ اس کا آخری حل ازدواجی زندگی کا اختتام ہی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہمارے تعلقات کو مزید خراب کرنے والا نوازالدین صدیقی کا بھائی شمس نواب صدیقی تھا۔‘

عالیہ نے مزید کہا کہ ’مجھے جب بھی اپنے شوہر کی ضرورت پڑی، میں نے خود کو اُس وقت تنہا ہی محسوس کیا، اِسی لیے اب میں نوازالدین صدیقی سے خلع لیکر اپنے پُرانے نام انجلی کشور پانڈے کی طرف دوبارہ واپس جانا چاہتی ہوں ۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے فائدے کے لیے کسی کی جھوٹی شناخت استعمال نہیں کرسکتی۔‘

نوازالدین صدیقی کی اہلیہ نے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ابھی اپنے مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں سوچا ہے لیکن میرے لیے اب مزید یہ شادی قائم رکھنا ممکن نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے بچوں کی کسٹڈی کے حوالے سے کہا کہ ’میں نے اپنے بچوں کی پرورش کی ہے اِسی لیے میں اُنہیں اپنے پاس رکھناچاہتی ہوں۔‘

اِ س سے قبل نوازالدین کی اہلیہ نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’اُن کے اور نوازالدین صدیقی کے درمیان گزشتہ دس برس سے کچھ مسائل چل رہے ہیں جو اب مزید بگڑ رہے ہیں اِسی لیے اُنہوں نے اپنے شوہر سے خلع مانگی ہے اور نوٹس بھی بھیجا ہے لیکن نواز الدین صدیقی نے اس کا جواب نہیں دیا ہے۔‘

یادرہے کہ نواز الدین صدیقی نے 2010 میں عالیہ سے شادی کی تھی، عالیہ کا تعلق ہندو مذہب سے تھا لیکن شادی کے بعد اُنہوں نے اپنا نام انجلی سے تبدیل کرکے عالیہ رکھ لیا تھا۔

عالیہ اور نوازالدین صدیقی کی ایک 9 سالہ بیٹی اور ایک 5 سالہ بیٹا بھی ہے۔

تازہ ترین