• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز رشید کا فیصل جاوید کو قائمہ کمیٹی اجلاس بلانے کیلئے خط

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے رکن سینیٹر پرویز رشید نے کمیٹی کے چیئرمین فیصل جاوید کے نام خط لکھا ہے جس میں انہوں نے قائمہ کمیٹی کا اجلاس بلا کر میر شکیل الرحمٰن کی غیرقانونی گرفتاری ، صحافیوں کے کیمپ پر گولیاں پھینکنے اور میڈیا ورکرز کو تنخواہ کی عدم ادائیگی کا معاملہ زیر غور لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سینیٹر پرویز رشید نے خط میں لکھا کہ عید کی آمد سے قبل اہم معاملات کا تقاضا ہے کہ سینیٹ کمیٹی اطلاعات کا اجلاس فی الفور منعقد کیا جائے۔

اجلاس میں میڈیا کارکنوں کی واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی، صحافیوں کے احتجاجی کیمپ میں خطرناک ہتھیاروں کی گولیاں پھینک کر ڈرانے دھمکانے کی پالیسی، 70 دن کی حراست کے بعد بھی نیب کی جنگ و جیو گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمٰن کے خلاف ریفرنس بنانے میں ناکامی کو زیر غور لایا جائے ۔

پرویز رشید نے کہا کہ کمیٹی اجلاس وزیر اطلاعات شبلی فراز سے ملاقات کرنے اور نشاندہی کردہ امور کے ساتھ ساتھ حکومت کی میڈیا پالیسی سے بھی آگاہی کا موقع فراہم کر دے گا۔

پرویز رشید نے خط میں کہا کہ یقین ہے کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات اجلاس جلد منعقد کریں گے اور تمام متعلقہ فریقوں کی شرکت لازمی قرار دیں گے۔

تازہ ترین