• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرسٹی بس سروس پر پابندی، سندھ حکومت سے جواب طلب

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سندھ حکومت سے انٹر سٹی بس سروس پر پابندی سے متعلق یکم جون کو جواب طلب کرلیا گیا ہے ۔

سندھ ہائیکورٹ میں صوبہ سندھ میں انٹر سٹی بس سروس پر پابندی کے خلاف درخواست پر جسٹس محمد علی مظہر نے سماعت کی، اس دوران عدالت کی جانب سے سندھ حکومت سے یکم جون کو جواب طلب کیا گیا ہے کہ بتایا جائے سندھ حکومت کی پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی کیا پالیسی ہے؟

سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی جانب سے ریمارکس دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دیگرصوبوں نےٹرانسپورٹ چلانےکی اجازت دے دی، سندھ میں کیسے بند ہے؟ ہرجگہ یکساں پالیسی بننی چاہیے۔

جسٹس محمد علی مظہر  کا کہنا تھا کہ اب تو لگتا ہے لاک ڈاؤن ختم ہونے والا ہے۔

درخواست گزار جنرل سیکریٹری ٹرانسپورٹرز حنیف مروت نے سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ  تینوں صوبوں میں ایس او پی کے بعد ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی گئی، ملک بھر میں ٹرینیں اور جہاز چلانےکی اجازت ہے۔

جنرل سیکرٹری ٹرانسپورٹرز حنیف مروت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ لاکھوں ٹرانسپورٹ ورکرز بے روزگار ہوچکے ہیں۔

دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ سندھ حکومت طبی ماہرین سےمشاورت کے بعد فیصلے کرتی ہے، سندھ حکومت رجسٹرڈ ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کر رہی ہے۔

تازہ ترین