• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت پر سخت بین الاقوامی پابندیاں لگائی جائیں، رحمان ملک

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت کو فقط بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ کافی نہیں ہے، اس پر سخت بین الاقوامی پابندیاں لگائی جائیں۔

رحمان ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی کے چیئرمین کو خط لکھا ہے، اقلیتوں پر ظلم پر بھارت کو بلیک لسٹ کرنے کے مطالبے پر امریکی کمیشن کی سفارشات قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو فقط بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ کافی نہیں، سخت بین الاقوامی پابندیاں لگائی جائے۔

رحمان ملک نے کہا کہ امریکی کمیشن اقوام متحدہ سے بھارت سے متعلق کمیشن بنانے کا مطالبہ کرے۔

رہنما پی پی نے کہا کہ مودی جب سے وزیراعظم بنا بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، مودی نے متنازعہ قانون سازی سے کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کے بنیادی حقوق ختم کردیے ہیں۔

رحمان ملک نے کہا کہ امریکی کمیشن بھارتی صحافی رانا ایوب اور دیگر مظلوم کشمیریوں کے بیانات ریکارڈ کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہیں، امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی سے بھارت کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

رحمان ملک نے کہا کہ مودی اور امیت شاہ کے جرائم سے متعلق خط دنیا کے سارے سربراہان کو لکھیں گے، مودی کے ہوتے ہوئے خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ مودی اور امیت شاہ کو بین الاقوامی عدالت انصاف تک لے جائیں گے، مودی افغانستان، نیپال، بنگلہ دیش و دوسرے ممالک میں دخل اندازی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے ہزاروں لوگ ہائر کیے ہیں، مودی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین