• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتیوں کے لیے عالمی وباء کورونا وائرس سے بڑا مسئلہ بھوک بن گئی، لاک ڈاؤن کے دوران کھانا نہ ملنے پر مرے ہوئے کتے کا گوشت کھانے والے بھارتی شہری کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ پرادھمن سنگھ ناروکا کی جانب سے ایک دلخراش ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں پرادھمن سنگھ کا بتانا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران ایک شہر سے دوسرے شہر جا رہا تھا کہ  سفر کے دوران ہائی وے پر موجود بھوک سے نڈھال شہری سڑک کنارے بیٹھا مرے ہوئے کتے کا گوشت کھا رہا تھا جسے اس نے کیمرے میں ریکارڈ کر لیا۔

بھوک سے نڈال بے حال شخص سے پرادھمن نے جب بات کی تو اسے معلوم ہوا کہ وہ کئی دنوں سے بھوکا ہے اور غذا نہ ہونے کی صورت میں سڑک کنارے پڑی کتے کی لاش کھانے پر مجبور ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویڈیو بنانے والے شخص پرادھمن کی جانب سے اسے کھانا اور پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور مالی مدد بھی کی گئی ہے۔

ویڈیو میں پرادھمن کا حکومت اور عام بھارتی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کی مدد کی جائے، لاک ڈاؤن کے دوران ان کا خیال رکھا جائے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی جسے سیکڑوں بار لائیک، ری ٹوئٹ کیا جا چکا ہے، اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد بھارتی عوام اپنی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہے اور شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں تا حال لاک ڈاؤن جاری ہے اور عالمی وبا کورونا وائرس سے 3 ہزار 585 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 18 ہزار 501 ہو گئی۔

تازہ ترین