• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارکیٹوں میں لوگوں کا بے ہنگم ہجوم، نتائج کے ذمہ دار خود ہوں گے، حکومت کا انتباہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ،جنگ نیوز ) وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ بازاروں میں جم غفیر،نتائج کے ذمہ دار عوام خود ہونگے، اگر ہم نے احتیاطی تدابیر کو مدنظر نہ رکھا تو صورتحال مزید بدترین ہو سکتی ہے۔

عید کی نماز میں وہی تمام تدابیر اپنائیں جو رمضان المبارک میں تراویح اور مساجد میں اپنائی گئی ہیں، یہ عید مختلف ہے اس میں آپ نے ایک دوسرے سے گلے نہیں ملنا، فاصلہ رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو عید کی مبارک دینی ہے، گلے ملنا انفیکشن کے پھیلاؤ کا موجب بن سکتا ہے اور وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

جمعہ کو پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 اموات ہوئی ہیں، اتنی اموات 24 گھنٹوں میں اس سے قبل سامنے نہیں آئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم 24 گھنٹوں کے کیسز اور اموات کو سامنے رکھیں تو صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے،یہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے ہو رہا ہے، ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا۔ 

لاک ڈاؤن میں نرمی اس لئے کی گئی کہ لوگ آسانی سے احتیاط کرتے ہوئے عید کی شاپنگ کر سکیں لیکن گذشتہ ہفتوں میں مشاہدہ انتہائی غیر تسلی بخش رہا،مارکیٹوں اور دکانوں میں لوگوں کاجم غفیر دیکھا جارہا ہے۔

اس کے نتائج جوبھی ہوں گے اس کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے کیونکہ ہم کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے۔

تازہ ترین