• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارطغرل کا PIA طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس

 لاہور سے کراچی آنے والی قومی  پرواز کو پیش آنے والے حادثے پر  تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ’ارطغرل‘ کا  کردار ادا کرنے والے ’انجن التان‘ نے بھی شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تُرک اداکار انجن التان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کراچی طیارہ حادثے پر شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے اسٹوری شیئر کی جس میں اُنہوں نےکہا کہ ’پی آئی اے طیارہ حادثے کی خبر سُن کر بہت زیادہ دُکھ ہوا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں اُن تمام خاندانوں سے تعزیت کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اِس افسوسناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔‘

دوسری جانب ارطغرل غازی میں ارطغرل کے قریبی دوست ’بامسی‘ کے کردار ادا کرنے والے ’نورالدین سونمیر‘ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پی آئی اے طیارہ حادثے پر پاکستانیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

ارطغرل غازی میں گوکچہ خاتون کا کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ بورجو کیراتلی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے حادثے  کے  شکار افراد کے لیے دُعا کی۔

تُرک سیریز میں دوآن یعنی روشان کا کردار ادا کرنے والے ’یوٹ سیٹن گیونر‘ نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستانیوں کے لیے اپنا خاص پیغام جاری کرتے ہوئے طیارہ حادثے پر شدید غم کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کے حادثے میں97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے حادثے کا شکار ہوئی تھی۔

تازہ ترین