• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: وقاص اور ان کی اہلیہ کی تدفین آج ہو گی

کراچی میں گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے گلبہار وحید آباد سے تعلق رکھنے والے وقاص اور ان کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر ہوگی جس کے بعد مقامی قبرستان میں انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

وقاص کے اہلِ خانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وقاص اور ان کے اہلِ خانہ بھی گزشتہ روز فضائی حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وقاص، ان کی اہلیہ ندا اور بیٹے علیان کی شناخت کرلی گئی، جبکہ باقی 2 بچوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

وقاص کے اہلِ خانہ نے یہ بھی بتایا کہ وقاص اور ان کی اہلیہ ملازمت کے لیے ایک سال سے لاہور میں مقیم تھے اور عید منانے کے لیے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کراچی آ رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثے میں ناظم آباد کا خاندان بھی شامل تھا

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین