• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے دورے میں مشکلات موجود ہیں لیکن زیادہ چیلنج انگلش ٹیم کیلئے ہیں، مصباح الحق

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے انگلینڈ کے دورے میں ہمارے لئے مشکلات موجود ہیں لیکن پاکستان سے زیادہ چیلنج میزبان انگلش ٹیم کے لئے وہ بھی طویل لاک ڈاون کے بعد میدان میں اتریں گے۔کرکٹ میں یہ حالات غیر معمولی اور مشکل ہیں لیکن اس لحاظ سے اطمینان ہے کہ گھروں میں قید رہنے سے بہتر ہے کہ گراونڈ میں واپس جائیں،مشکل حالات کے بعد سے سے بڑی خوشی اس بات کی ہے کہ گراونڈ میں دوبارہ واپس جانے کا موقع مل رہا ہے۔انگلینڈ میں کرکٹ کے علاوہ کوئی اور سرگرمی نہیں ہوگی اس لئے کھلاڑی کرکٹ پر زیادہ توجہ دیں گے۔کھلاڑیوں کو پہلا پیغام یہی دوں گا کہ وہ غیر معمولی حالات اور نئی صورتحال سے انجوائے کریں۔ڈپریشن والے ماحول سے باہر آئیں اور نارمل کرکٹ کی جانب پیش قدمی کریں۔صر ف اور صرف کرکٹ کا سوچیں۔ہوٹل اور گراونڈ میں وقت گذار کر کرکٹ کھیلنے کا مزہ آئے گا۔لیکن حقیقت یہی ہے کہ اس ماحول کو قبول کرنے اور اس سے ہم آہنگ ہونے کے لئے بھرپور جتن کرنا ہوں گے کھلاڑیوں کو کورونا کے بعد اپنے انداز زندگی کو تبدیل کرنا ہوگا۔ماحول مختلف ہوگا تماشائی نہیں ہوں گے سناٹے والے ماحول کی کسی کو عادت نہیں ہے۔ہفتے کو نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹر ویو دے رہے تھے جس میں انہوں نے انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کا روڈ میپ بتایا۔مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کرکٹ کے لئے واپس لانے کے لئے انہیں ذہنی طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔ہر کھلاڑی پروفیشنل ہے جسے اپنی صلاحیت اور میچورٹی کا علم ہے۔کرکٹ ماحول میں واپس آنے ایک مشکل چیلنج ہے لیکن ہم اس کے لئے مکمل تیار ہیں۔کھلاڑیوں کو بتادیا جائے گا کہ موجودہ حالات ان کے لئے معمول کے حالات سے مختلف ہیں۔پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم اچھی ہے اسلئے مجھے پوری امید ہے کہ ہم انگلینڈ کو بھرپور فائٹ دیں گے۔کھلاڑی گھروں میں بھی جس قدر ہوسکتی ہے محنت کررہے ہیںتاکہ جب وہ میدان میں جائیں تو مکمل فٹ ہوں۔زندگی اسی کانام ہے کہ ہمیں کیئریئر میں جو حالات ملے اس میں ایڈجیسٹ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ لاک داون کی وجہ سے ہر کوئی گھروں تک محدود ہے جب کرکٹ شروع ہوگی تو وہ ماحول مشکل ضرور ہوگا لیکن گھروں میں رہنے سے بہتر ہے کہ آپ فیلڈ میں توانائی صرف کریں۔مصباح نے کہا کہ عید کے بعد8جون سے پریکٹس شروع کرنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین