• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کی آزادی کے دن حقیقی عید ہوگی، کمان افسر

لوٹن (شہزاد علی) کشمیری عوام کی حقیقی عید اس دن ہوگی جب پوری ریاست جموں و کشمیر مکمّل آزاد ہوگی اور جب ریاست کے مختلف حصوں کو پھر یکجا کر دیا جائے گا اور کشمیری عوام بھی دنیا کی آزاد اقوام میں شمار کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جے کے ایل ایف لوٹن برانچ کے صدر راجہ کمان افسر، نائب صدر ملک اعجاز اور جنرل سیکرٹری غیاث رشید نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ وہ دعا گو ہیں کہ اس عید الفطر کے طفیل مقبوضہ کشمیری عوام پر مسلط ظلم و جبر اور تشدد کا خاتمہ ہو۔مقبوضہ کشمیر پر جاری تاریخ کے طویل اور گھناؤنے قسم کے لاک ڈائون کو ہٹایا جائے، کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دیا جائے تاکہ کشمیری عوام بھی عید کی حقیقی مسرتوں سے لطف اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم برطانوی کشمیری کمیونٹی پر زور دیں گے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں کونسلرز، ایم پیز اور لارڈز کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر ورچوئلvirtual طور پر انگیج رہیں اور ای میل کے ذریعے برطانوی فارن آفس کو بھی کشمیر پر متحرک کریں۔ دریں اثنا صدر جے کے ایل ایف لوٹن برانچ راجہ کمان افسر نے نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اب قراردادیں پاس کرنے کا وقت گزر چکا ہے اب عملی طور پر کام شروع کیا جائے اور آزاد کشمیر کے لاکھوں کی تعداد میں اوورسیز ممالک میں مقیم باشندوں کے اس دیرینہ مطالبہ کو عملی جامہ پہنا کر ان کے ساتھ طویل عرصے سے روا رکھی گئی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے۔
تازہ ترین