• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، کورونا کیسز کا بڑھنا ہماری بے احتیاطی کا نتیجہ ہے، مراد علی شاہ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو ہماری بے احتیاطی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق جاری اپنے بیان میں کہا کہ آج عید کا دن ہے، میں رپورٹ جاری نہیں کرنا چاہتا تھا، رپورٹ جاری کرنے کا مقصد عوام کو صورتحال سے آگاہ کرنا ہے تاکہ احتیاط ہوسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 846 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں، 13 مزید مریض انتقال کرگئے اور 146 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔

صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں کل 3547ٹیسٹ کئے گئے، جس میں 846 کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جوکہ مجموعی تعداد کا 24 فیصد بنتا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 24 فیصد کیسز کا مثبت آنا اب تک کی بڑی شرح ہے، کیسز کا بڑھنا ہماری بے احتیاطی کا نتیجہ ہے، 24 گھنٹوں میں 13 مزید مریض انتقال کرگئے، 156 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے سندھ میں 34 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ 146 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، اس وقت 22491 مریض زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو مریض انتقال کر گئے ہیں میں انکے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں، جو مریض زیر علاج ہیں انکی صحت کیلئے دعاگو ہوں، طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں کے غم میں تہنیتی سے ساتھ ہوں

انہوں نے کہا کہ جو لوگ طیارہ حادثہ میں بے گھر ہوئے ہیں مجھے انکے تکلیف کا احساس بھی ہے، اللہ پاک ہم سب پر رحم فرمائے، ان تکالیف سے نجات دلائے۔

تازہ ترین