آرمی چيف جنرل قمر جاويد باجوہ نے عيد الفطر کی نماز کنٹرول لائن پر موجود جوانوں کے ساتھ ادا کی اور پاکستان کے امن، ترقی، خوشحالی سمیت وبائی مرض کوروناوائرس کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں کے بلند عزم، حوصلے اور درپیش چیلنجز کا بے خوف و خطر مقابلہ کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ عید کے موقع پر گھروں سے دور فرائض کی ادائیگی باعث فخر ہے، ہم غیر متزلزل عزم کے ساتھ یہ فرض انجام دیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر 5 اگست سے غیرانسانی لاک ڈاؤن اور بھارتی مظالم جاری ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں فوری موثر کارروائی پر جوانوں کے جذبے کی تعریف کی۔