پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر نشر کی جانے والی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ نے اپنے پاکستانی مداحوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان ٹیلی وژن ہوم (پی ٹی وی ہوم) کی جانب سے ارطغرل غازی میں ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انجن التان کی ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
انجن التان نےاپنے مختصر ویڈیو پیغام میں ’دیرلیش ارطغرل‘ کو پاکستان میں ملنے والی مقبولیت پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پاکستانیوں کا مشکور ہوں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’جس طرح سے ہمیں پاکستانیوں کی جانب سے محبت بھرے پیغامات موصول ہورہے ہیں اُس کے لیے میرے پاس آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔‘
انجن التان نے کہا کہ ’میں پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ’دیرلیش ارطغرل‘ اُردو زبان میں ڈب کرکے پاکستان میں نشر کیا۔‘
ویڈیو پیغام کے آخر میں ارطغرل نے پاکستانی قوم کے لیے نیک خواہشات اور سلامتی کی دُعا کرتے ہوئے اُردو زبان میں اپنے پاکستانی مداحوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
انجن التان کے اِس خصوصی ویڈیو پیغام کو پاکستانیوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل انجن التان نے ’دیرلیش ارطغرل ‘ دیکھنے پر اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا تھا۔
اُنہوں نے جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ ایک دن میں آپ سب سے ضرور ملاقات کروں گا۔‘
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے اُردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانیوں کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔