کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایئر بس کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز کی ٹیم فرانس سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔
ایئربس کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز فرانس کے جنوبی شہر ٹولائوس سے نصف شب کو ایئربس اے 330 میں روانہ ہوئے ہیں۔
فرانسیسی ٹیکنیکل ماہرین خصوصی پرواز نمبر اے ای بی 1888 میں پاکستان کا سفر کر رہے ہیں۔
ایئرکمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز منگل کو صبح سویرے کراچی پہنچیں گے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئربس کمپنی کے ماہرین پرواز پی کے 8303 کی تباہی کی وجوہات جاننے کا کام شروع کریں گے۔
فرانسیسی ایئر بس کمپنی کے ماہرین کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں طیارہ حادثہ کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی پاکستانی ماہرین کی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔
ایئربس کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم کے ارکان کراچی ایئرپورٹ کے رن وے اور جائے حادثہ کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی ملیر میں حادثے کا شکار ہوگئی تھی، افسوسناک حادثے میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔