سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور مزدور یونینز نے پی آئی اے طیارہ حادثہ تحقیقاتی کمیشن کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت طیارہ حادثہ کمیشن کی از سر نو تشکیل کرے۔
رضا ربانی نے کہا کہ کمیشن میں پائلٹس ایسوسی ایشن پالپا کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ حکومت پی آئی اے میں تمام ٹریڈ یونین سرگرمیوں کو بحال کرے اور لازمی سروس ایکٹ کو ختم کیا جائے۔
تحقیقاتی کارروائی لیک ہونے پر پالپا کا احتجاج
پاکستان ایئرلائنز پائلٹ ایسوسی ایشن (پالپا) کراچی طیارہ حادثہ کیس میں تحقیقاتی کارروائی لیک ہونے پر سراپا احتجاج ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان پالپا کا کہنا ہے کہ ہمارا خدشہ صحیح ثابت ہورہا ہے، انتظامیہ شفاف تحقیقات کے حق میں نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کو غلط رخ دے کر اصل کرداروں کو بچانے کی کوشش ہو رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو ان جانوں کا افسوس ہے نہ مستقبل میں ایسے واقعات کے سدِباب کا خیال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ائیر ٹریفک کنٹرول سے متعلق ہماری کمیونٹی کے پاس کئی سوالات ہیں۔ ہم تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہونا چاہتے۔