• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں کورونا کے نئے مریضوں کیلئے 423 بیڈ خالی

راولپنڈی‘ اسلام آباد (ناصر چشتی‘ بلال عباسی) راولپنڈی میں قائم کورونا کے مریضوں کے 6 ہسپتال ہیں جن میں بڑی تعداد میں ابھی بھی نئے مریضوں کیلئے کافی گنجائش ہے۔ جس میں 681 بیڈ ہیں جس میں سے 258 بیڈ پر مریض ہیں جبکہ 423 بیڈ خالی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہسپتال جن میں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی‘ بے نظیر بھٹو ہسپتال‘ ہولی فیملی ہسپتال‘ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال‘ ریڈ کریسنٹ ہسپتال اور شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں کورونا کے مریض ہیں۔ راولپنڈی میں میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر نے بتایا کہ اس وقت 40 وینٹی لیٹر ہیں جن میں سے 18 پر مریض ہیں باقی 22 خالی ہیں۔ اس وقت مسئلہ پمز ہسپتال سے زیادہ مریضوں کی آمد ہے جن کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں اور زیادہ مریض راولپنڈی شفٹ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے مگر ابھی ہمارے ہاں کافی گنجائش ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی میں کل گنجائش 240 مریضوں کی ہے جس میں 114 پر مریض ہیں جن میں سے 25 مریض سیریس ہیں اور 126 بیڈ خالی ہیں۔ بے نظیر ہسپتال میں 120 بیڈ ہیں جس میں 45 پر مریض ہیں اور 75 خالی ہیں۔ ہولی فیملی ہسپتال میں 75 بیڈ مختص ہیں جن پر 35 پر مریض ہیں 40 خالی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں کورونا کا کوئی مریض نہیں 6 بیڈ ہیں جوکہ خالی ہیں۔ شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں 120 بیڈ مختص ہیں جن میں 63 پر کورونا کے مریض ہیں اور 57 خالی ہیں۔ ریڈ کریسنٹ میں 120 بیڈ ہیں صرف ایک مریض داخل ہے۔ اس طرح ڈاکٹر پروفیسر عمر کے مطابق ان ہسپتالوں میں ابھی کافی گنجائش ہے مگر مریضوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ دریں اثناء وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے بنائے گئے آئسولیشن وارڈ میں کورونا مریضوں کے لئے جگہ موجود ہے۔ تاہم آئی سی یو میں مزید کورونا مریضوں کے لئے وینٹی لیٹر دستیاب نہیں ہیں۔ مختص کئے گئے تمام دس وینٹی لیٹر کورونا مریضوں کے علاج کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔ پولی کلینک میں بھی مریضوں کے لئے جگہ موجود ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر انصر مقصود نے جنگ کے استفسار پر بتایا کہ پمز میں کورونا آئسولیشن وارڈ میں 75 بیڈ موجود ہیں جن میں سے 35 بیڈ ابھی بھی خالی ہیں۔ تاہم آئی سی یو میں 10 وینٹی لیٹر کورونا مریضوں کے لئے مختص کئے گئے تھے اور تمام وینٹی لیٹر مریضوں کے علاج میں زیر استعمال ہیں۔ ابھی کسی اور مریض کو پمز ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر نہیں رکھا جاسکتا۔ دوسری جانب پولی کلینک ہسپتال کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق نے بتایا کہ کورونا مریضوں کے لئے ہسپتال میں بہت جگہ موجود ہے اور مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے پر بیڈز کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ تاہم صرف انہی مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا جائے گا جن کو کورونا کی علامات کے باعث تکالیف ہوں اور ہسپتال میں رکھنے کی ضرورت ہو۔ ہسپتال میں صرف انہی مریضوں کو رکھا جائے گا جن کو وینٹی لیٹر کی ضرورت ہو۔
تازہ ترین