اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما‘ سابق وفاقی وزیر و سابق سینیٹر و ممتاز قانون دان چوہدری اعتزاز احسن کے بڑے بھائی ڈاکٹر اعجاز احسن طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کی وفات پر ملک و بیرون ملک سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور سمیت پیپلز پارٹی کی مرکزی لیڈر شپ نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پارٹی آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دعاگو ہوں اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اظہار تعزیت کرنے والوں میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری‘ سینیٹر شیری رحمٰن‘ سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر‘ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی‘ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا‘ سینیٹر فرحت اللہ بابر‘ سینیٹر رحمٰن ملک اور دیگر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر اعجاز احسن ایک ماہر سرجن تھے جنہوں نے 1957 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے گریجویشن کیا اور 70 کی دہائی میں علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل تھے اور 90 کی دہائی میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے پرنسپل بھی رہے۔ پاکستان کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے پرنسپل بھی رہے۔ ڈاکٹر اعجاز احسن نے سرجری پر ایک ٹیکسٹ کتاب لکھی اور دوسری تکمیل کے مراحل میں تھی جب ان کا انتقال ہوا۔