• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: حادثےکا شکار طیارے کے ملبے کی منتقلی کا عمل شروع


کراچی میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کے ملبے کی منتقلی کا عمل شروع ہوگیا۔

حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کے ملبے کی منتقلی کے لیے پاک فضائیہ، سول ایوی ایشن (سی اے اے) اور پی آئی اے انجینئرنگ، ٹیکنیکل گراونڈ سپورٹ کا اسٹاف موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ طیارے کے کیبن، ٹیل اور دیگر حصوں کو منتقل کیا جارہا ہے جبکہ طیارے کے انجن اور لینڈنگ گیئرز کی منتقلی چند روز بعد ہوگی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طیارے کے اہم آلات کی جائے حادثے سے منتقلی تحقیقاتی ٹیموں کے کام کی وجہ سے روکی گئی تھی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل قومی ائیر لائن پی آئی اے کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ صرف 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8303 ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس میں 91 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔

محکمہ صحت کے مطابق 66 لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جن میں 20 خواتین، 43 مرد اور 3 بچے شامل ہیں۔

تازہ ترین