تورانی نامی بھارتی ڈیزائنر نے پاکستان کی سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی پینٹنگ بناتے ہوئے اُن کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی ڈیزائنر تورانی نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دُنیا کی کچھ مشہور مُتاثر کن خواتین پر مبنی ’یوں ہوتا تو‘ کے نام سے ایک سیریز شروع کی جس میں بھارتی ڈیزائنر نے اُن تمام مشہور خواتین کی پینٹنگز بناتے ہوئے اُنہیں خراج تحسین و عقیدت پیش کیا۔
محترمہ بے نظیر بھٹو کی پینٹنگ شیئر کرتے ہوئے بھارتی ذیزائنر نے اُن سے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا۔
تورانی نے کہا کہ ’محترمہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم لیڈر ہونے کے ساتھ ہی ایک بہادر خاتون بھی تھیں جنہوں نے اپنی قابلیت سے سیاست میں قدم رکھا اور کامیاب بھی ہوئیں۔‘
تورانی نے کہا کہ ’محترمہ بے نظیر بھٹو کی موت ناصرف پاکستان کے لیے بُری خبر تھی بلکہ دُنیا بھر میں اُن کے چاہنے والوں کو بھی یہ المناک خبر سُن کر دھچکا لگا تھا۔‘
بھارتی ذیزائنر نے کہا کہ ’ہم بہت سے مختلف طریقوں سے محترمہ بےنظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرسکتے ہیں، میں نے اُن کی پیٹنگ بناکر اُنہیں خراج عقیدت پیش کیا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’محترمہ بے نظیر بھٹو کا ایک اپنا منفرد اسٹائل تھا، اُن کے سر پر ہمیشہ اسکارف ہوتا تھا، اُن کے گلابی گال ہمیشہ چمکتے رہتے تھے، وہ خوبصورتی میں اپنی مثال آپ تھیں۔‘
تورانی نے محترمہ بے نظیر کی پیٹنگ کے ساتھ ہی اُن کی اصلی تصویر بھی پوسٹ کی۔
بھارتی ڈیزائنر نے اپنی سیریز میں لیڈی ڈیانا کی پینٹنگ بھی بنائی جس میں اُنہوں نے لیڈی ڈیانا کو روایتی سندھی لباس کے ساتھ تاج کی جگہ سندھی ٹوپی پہنی ہوئی دکھائی ہے۔
لیڈی ڈیانا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تورانی نے کہا کہ ’لیڈی ڈیانا ایک خود دار اور بہادر خاتون تھیں۔‘
تورانی نے کہا کہ ’پاکستان اور بھارت کے دوروں کے دوران لیڈی ڈیانا نے ہمیں عزت بخشنے کے لیے متعدد بار اِن دونوں ممالک کے روایتی لباس پہنے، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنی پیٹنگ میں شہزادی کو سندھی لباس میں دِکھایا ہے۔‘
بھارتی ذیزائنر نے سیریز ’یوں ہوتا تو‘ میں دو بھارتی لیجنڈری اداکارہ ریکھا اور جیا بچن کی بھی پیٹنگ بناتے ہوئے اُنہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تورانی نے پاکستانی کلاسیکل گلوکارہ فریدہ خانم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
اُنہوں نے خوبصورتی اور ہمہ جہت خوبیوں سے مالا مال بھارتی اداکارہ مدھوبالا کو بھی اپنی پینٹنگ کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔
آخر میں تورانی نے بھارتی مصورہ امرتا شیر گل کو بھی یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔