پاکستان فیشن انڈسٹری کے معروف ڈیزائنر عاصم جوفا نے نامور اداکار یاسر حسین کو کُرتا بطور عید کا تحفہ دیا ہے۔
منفرد سرگرمیوں اور طنز و مزاح انداز کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہنے والے معروف اداکار یاسر حسین نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصاویر میں یاسرحسین اپنے گھر میں موجود ہیں اور اُنہوں نے مردوں کا روایتی لباس کُرتا زیب تن کیا ہوا ہے۔
ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے یاسر حسین نے عید کے تحفے میں کُرتا دینے پر عاصم جوفا کا شکریہ ادا کیا اور مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’جوفا کا تحفہ۔‘
اِس سے قبل یاسر حسین نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں کے لیے معنی خیز پیغام جاری کیا تھا۔
یاسر حسین کا کہنا تھا کہ ’اللّہ تعالیٰ کی دی گئی نعمتوں کا شکریہ ادا کریں اور شکریہ ادا کریں کہ آپ کے اللّہ نے آپ کو صحت مند زندگی عطا کی ہے۔‘
یاد رہے کہ اِس سال یاسرحسین نے اپنی اہلیہ اقرا عزیز کے ہمراہ شادی کے بعد پہلی عید منائی تھی، اُنہوں نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اقرا عزیز کو عید مبارک کہا تھا۔
دوسری جانب اقرا عزیز نے بھی انسٹاگرام پر اپنا پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کراچی طیارہ حادثے کے شکار افراد کے لیے دعائیں کی تھیں۔