• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ ریفرنس، نواز شریف کے وارنٹ، زرداری کو ایک دن کا استثنیٰ، گیلانی، غنی مجید کو گرفتار کرنے کی درخواست مسترد

توشہ خانہ ریفرنس، نواز شریف کے وارنٹ، زرداری کو ایک دن کا استثنیٰ


اسلام آباد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت کےجج اصغر علی کی عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے توشہ خانہ ریفرنس میں عدم پیشی پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کےقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جبکہ سابق صدر پاکستان آصف زرداری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ایک دن کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیا گیا۔

احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا مسترد کردی، پراسکیوٹر نیب نے کہا کہ نواز شریف کو گاڑی دی گئی، زرداری نے گاڑیوں کی 15 فیصد ادائیگی کی، دونوں کی ادائیگیاں جعلی اکائونٹس سے کی گئیں۔ 

جمعہ کو سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید عدالت پیش ہوئے اس موقع پرآصف زرداری کےوکیل اسد عباسی نے استثنی کی درخواست پیش کرتےہوئے کہاکہ آصف زرداری علیل ہیں اور کورونا لاک ڈاؤن بھی ہے جس کی وجہ سے وہ عدالت پیش نہیں ہوسکتے ۔

جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ملزم کو عدالتی سمن تعمیل کروا چکے ہیں، سمن کی تعمیل کے باوجود ملزم عدالت سے غیرحاضر ہے۔

نیب حکام نے بتایا کہ انور مجید ہسپتال میں زیر علاج ہیں وہاں سمن وصول نہیں کیے گئے۔ نواز شریف کےسمن جاتی عمرہ وصول کرائے گئے۔ 

اس موقع پر نیب نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے جبکہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایاکہ ملزم انور مجید ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں ،ملزم پیش ہوں تو ان کوحاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔

تازہ ترین