نوابشاہ (بیورو رپورٹ) شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو اسکول ون کم آمدنی والے افراد کے بچوں کو اعلی تعلیم دینے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔سندھ کے نظام تعلیم میں آئے روز نئی جدت متعارف کرائی جا رہی ہیں جو خوشی کی بات ہے۔بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ انکی تربیت بھی ایک ایسی ماں نے کی جس نے ہمیشہ نظام تعلیم میں نئے ریفارم متعارف کرائے جس سے تعلیمی نظام کا نقشہ ہی بدل گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوابشاہ شہر میں قائم بینظیر ڈسٹرکٹ اسکول ون کی افتتاحی تقریب اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو،وزیر تعلیم نثار کھوڑو،سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو،ڈپٹی کمشنر گہنور لغاری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو اسکول میں بیس ہزار روپے سے کم آمدنی والے والدین کے بچوں کو پلے گروپ سے میٹرک تک اعلی تعلیم دی جائے گی۔نوابشاہ میں یہ پہلا اسکول کھولا گیا ہے ایسے پچاس دیگر اسکول سندھ بھر میں قائم کئے جائیں گے۔