تحریر:عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل:ہما اقبال
ملبوسات:منوش برائیڈل کلیکشن
آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ:نوید رشید
یہ محبت بھی بڑی عجیب شئےہے، چاہے کوئی رابطہ نہ ہو،مگرمجال ہے کہ دِلوں کے رابطوں میں ذرا سا بھی تعطّل آنے دے۔ شاید ایسی ہی کیفیت سے دوچار ہوکر ناصر کاظمی نے کہا تھا؎’’دِل کی دھڑکن کہتی ہے…آج کوئی آئے گا ضرور‘‘۔ اورجب پیا کے آنے کی خبر پہلے ہی سے ہوجائے، تو پھر سج دھج کے اطوار ہی نہیں، پیراہنوں کے رنگ و انداز بھی شوخ وچنچل،دِل کش و دِل رُبا سے ہوجاتے ہیں۔توآج ہماری بزم کچھ ایسے ہی پیراہنوں سےمرصّع ہے۔
ذرا دیکھیے تو ،طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ کام دار جامنی رنگ ڈبل لیئر پیپلم کس قدر پیارا لگ رہا ہے۔پیپلم کے پلین اِنر پر نیٹ کا اَپر ہے، جس کے گھیر پر موتی، نگوں کا نفیس کام کیا گیا ہے، جب کہ کہیں کہیں چھوٹے بڑے کام دار پھول بھی لباس کی شان بڑھا رہے ہیں۔ ایک اور انداز میں سِلک ساٹن میں سفید اور سیاہ کے دِل کش پرنٹ کی اسٹریٹ شرٹ کے ساتھ سیاہ رنگ ٹائٹس خُوب جچ رہی ہے،تو فون رنگ ٹراؤزر پینٹ کے ساتھ پھول دار ڈبل لیئر ٹیل شرٹ کا بھی جواب نہیں۔
سفید ٹائٹس کے ساتھ پِیچ رنگ ڈاٹس پرنٹڈ انگرکھا اسٹائل موسم کے اعتبار سے بہترین انتخاب ہے،تو سیاہ رنگ پیراہن کی بھی شان نرالی ہے کہ پلین سیاہ ٹائٹس کے ساتھ ڈبل لیئر ٹیل فراک کا اِنر پلین، جب کہ اَپر سیلف پرنٹڈ ہے، جس کے ایک جانب گولڈن رنگ سلمے، دبکے سے آراستہ موٹف خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔