آپ آف لائن ہیں
پیر14؍ذیقعد 1441ھ 6؍جولائی 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

مودی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان مکمل الرٹ ہے، رحمٰن ملک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان مکمل الرٹ ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پورے خطے کا ایس ایچ او بننا چاہتا ہے۔

رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین دنوں میں پاکستان نے بھارت کے دو جاسوس ڈرون مار گرائے ہیں۔ پاک فوج نے بھارت جاسوس ڈرون  گرا کر بھارت کو بتادیا کہ پاکستانی افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاک فوج نے ایک اور بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا

علاقائی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس کا پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے بلوچستان میں مداخلت اور دہشتگردی کر رہا ہے۔

بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت بھارت میں مسلمان اقلیتوں اور کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت اپنے اردگرد کے تمام ہمسایہ ممالک کو جنگ پر اکسا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت کا پاکستان کو بدنام کرنے کا منصوبہ

ملک میں کورونا صورتحال پر بات کرتے ہوئے رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ پہلے روز سے کہہ رہا ہوں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا، اب اسپتالوں نے نئے مریض لینے سے انکار شروع کردیا ہے۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ میں نے اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے وزیراعظم کو خط لکھا اور اپیل کی کہ ملک میں فوری طور پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں کورونا و دیگر اہم معاملات پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا مطالبہ کر چکا ہوں۔ بڑھتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو ہم آہنگی و اتحاد کی ضرورت ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ماسک پہننا ہر شہری کے لیے لازم قرار دیا جائے اور عوام میں مفت بانٹے جائیں جبکہ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس مہیا کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیے: ملک بھر میں شہریوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار

انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز و دیگر طبی عملے کو 100 فیصد رسک الاؤنس کی منظوری دینے کا بھی مطالبہ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں کو نظر انداز نہ کیا جائے، کورونا وائرس کیخلاف ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔

رحمٰن ملک نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس سے خود اور قوم کو محفوظ رکھنا ہے۔ کورونا کے خاتمے کے لیے ہر حال میں احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

انہوں نے نوکری نہ کرنے والی خواتین ڈاکٹرز سے اپیل کی کہ وہ قوم کی خدمت کے لیے آگے بڑھیں۔

قومی خبریں سے مزید