• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرائے کے ترجمانوں کے کاغذات لہرانے سے عمران، بزدار چوری نہیں چھپ سکتی، مریم اورنگزیب

کرائے کے ترجمانوں کے کاغذات لہرانے سے عمران، بزدار چوری نہیں چھپ سکتی، مریم اورنگزیب


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎کرائے کے ترجمان کی جانب سے سرکس کرنے اور کاغذات لہرانے سے عمران خان اور عثمان بزدار کی چوری نہیں چھپ سکتی۔

لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے بیان پر ردِعمل میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پانچ سالوں میں چینی کی قیمت ایک پیسہ نہیں بڑھنے دی۔

انہوں نے کہا کہ ‎نامعلوم ترجمان کب تک جھوٹ بولیں گے؟ کب تک الزامات لگائیں گے؟ کب ثبوت پیش کریں گے؟ کب کارروائی کریں گے؟ ‎

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شوگر مافیا کے مقابلے میں غریب کسان کا ساتھ دیا اور ان کی حق تلفی نہیں ہونے دی جو کمیشن کی رپورٹ کہہ رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎عوام کا آٹا چینی چور کرائے کے ترجمان جواب دیں کہ عمران خان مافیا نے دو سال میں چینی 53 سے 90 روپے فی کلو کیوں کی؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‎کرائے کے ترجمان بتائیں عمران مافیا نے چینی قلت کے باوجود برآمد کی اجازت کیوں دی؟ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 40 فیصد کمی کے باوجود چینی پر سبسڈی کیوں دی؟

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ کرائے کے ترجمان جواب دیں کہ چینی کمیشن عبدالرزاق داؤد، اسد عمر اور عثمان بزدار کے جواب سے کیوں مطمئن نہیں ہوا؟

انہوں نے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، سلمان شہباز اور شاہد خاقان کا نام لینے سے اب وزیراعظم عمران خان کی چوری نہیں چھپے گی۔

‎ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کے سوالات کا جواب کے بجائے آئیں، بائیں شائیں کیا، مسلم لیگ (ن) یا شاہد خاقان عباسی نے کوئی خلاف قانون یا غلط کام کیا تو سرکس نہیں کارروائی کریں۔

تازہ ترین