• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس ہوٹل میں انعقاد کی تیاریاں،2 کروڑ خرچ ہونگے

پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس ہوٹل میں انعقاد کی تیاریاں


لاہور ( نمائندہ جنگ) پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی تیاریاں آ خری مراحل میں داخل ہو گئیں ہیں، ایجرٹن روڈ پر واقع ہوٹل کے بینکویٹ ہال میں صوفے لگاکر450سے زائد ارکان اسمبلی، سرکاری افسران اور اسمبلی ملازمین کےلئے نشستیں تیار کی گئی ہیں جبکہ سپیکر اسمبلی ، سیکریٹری اسمبلی اور دیگر اسمبلی افسران کیلئے خصوصی سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اجلاس کے باعث ہوٹل اور اس کے اردگرد سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔کورونا وائرس کے باعث ملک کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی اسمبلی کا اجلاس ہوٹل میں منعقد ہوگا ،اجلاس کی جگہ بینکویٹ ہال کو ایوان کا درجہ حاصل ہوگا ۔اجلاس کے شرکاء کو داخلے سے قبل کورونا کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات سے گزر نا پڑ ے گا۔ پنجاب اسمبلی کے 70 سے حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے کورونا وائرس کے باعث اجلاس میں مسلسل شرکت کی بجائے صرف ووٹنگ کے ایام میں اجلاس میں شرکت کا عندیہ دیا ہے۔ اجلاس کے ہوٹل میں انعقاد سے ہال کے کرائے، قیام و طعا م ،سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر دو کروڑ سے زائد کے اضافی اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وزیراعظم کے مشیر نے اس اجلاس کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا ہے کہ اجلاس کے لیے جس ہوٹل کا انتخاب کیا گیا ہے وہ مسلم لیگ ن کے شریف خاندان کے قریبی رشتہ دار با اثر کاروباری شخصیت کی ملکیت ہے۔ صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 جون سے 27 جون تک جاری رہے گا۔ 18 ویں ترمیم کے تحت ایک پارلیمانی سال کے100 دن پورے کرنے کے آئینی تقاضا پورا کرنے کے لیے بجٹ کی منظوری کے بعد بھی اجلاس جاری رہنے کا امکان بھی ہے۔

تازہ ترین