• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی لاک ڈاؤن میں اضافے اور سختی کے حوالے سے افواہوں کی تردید

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے لاک ڈاؤن میں اضافے اور سختی کے حوالے سے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے عوام حکومت کے اعلان تک افواہوں پر کان نہ دھریں۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے مارکیٹوں کا رُخ کیا، مارکیٹوں میں رش اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام خوف کا شکار ہوں اور نہ ہی خوف پھیلانے کا باعث بنیں، احتیاط کرنی ہے تو کورونا سے کریں، احتیاط کرنی ہے تو کورونا کو پھیلانے سے کریں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پچھلے چند روز سے کورونا سے ہونے والے اموات کی شرح ہمارے سامنے ہے، اموات کی شرح میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایک بار پھر عوام سے احتیاط برتنے کی درخواست کرتی ہے، عوام سے گھروں پر رہنے کی اپیل ہے، گھروں سے انتہائی ضروری کام سے نکلنا ہے تو ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو بھی اچھے انداز میں اسی بات کی تلقین کرنی ہے، ہمیں کورونا کا شکار ہونے والے افراد سے سبق حاصل کرنا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ عوام بنیادی اشیاء کے فراہمی سے متعلق ہرگز پریشان نہ ہوں، بنیادی اشیاء کی دستیابی حکومت کا فرض ہے، ضروری اشیاء کی دستیابی کا یقین دلاتے ہیں۔

تازہ ترین