• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی حکومت کا دوہرا معیار بےنقاب ہوگیا: ترجمان چینی وزارت خارجہ

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا امریکا میں سیاہ فام کی ہلاکت کے بعد احتجاج کے معاملے پر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہانگ کانگ مظاہرین کی حمایت کرنے والی امریکی حکومت کا دوہرا معیار بےنقاب ہوگیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سیاہ فام افراد کی زندگیاں اہم ہیں، ان کےانسانی حقوق کی بھی ضمانت ہونی چاہئے۔

ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق نسلی اقلیتوں کے خلاف نسل پرستی امریکی معاشرے کی ایک دائمی بیماری ہے۔ امریکا کی موجودہ صورتحال امریکا میں نسل پرستی اور پولیس تشدد کے مسائل کی شدت کی عکاسی کرتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا ہانگ کانگ میں تشدد، نام نہاد آزادی کے عناصر کو ہیرو، نسل پرستی کیخلاف مظاہرین کوفسادی کیوں کہہ رہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ریاست مینی سوٹا میں ایک سفید فام پولیس افسر نے سیاہ فام شہری کو گرفتار کرتے ہوئے اس کی گردن پر گھٹنا رکھا تھا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد امریکا میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے جس کا دائرہ ریاست مینی سوٹا سے نکل کر دوسری ریاستوں تک پھیل گیا ہے۔

سیاہ فام شخص کے قتل میں ملوث مطلوبہ پولیس اہلکار کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین