• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں شدید برفباری، رابطہ سڑکیں بند

خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ چترال میں برفانی تودہ گھر پر گر گیا، 9 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔

چلاس اور اپرکوہستان میں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہِ قراقرم مختلف مقامات پر بند ہیں، سیکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں۔

ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری سے نظارے حسین ہوگئے، پہاڑ اور درخت برف سے ڈھک گئے، آبشاریں جم گئیں۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، لوئر دیر، باجوڑ، ملاکنڈ، سوات، ملم جبہ، کرم، شمالی وزیرستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں برف باری ہوئی، کئی کئی فٹ برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں، ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، میران شاہ اور میرعلی کے علاقوں میں کئی سال بعد برف باری ہوئی۔

شمالی بالائی بلوچستان میں برف باری کا سلسلہ تھم گیا لیکن سائبرین ہواؤں کا راج برقرار رہا، کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں تالابوں، پائپ لائنوں اور سڑکوں پر پانی برف بن گیا۔

شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے، کوئٹہ، زیارت شاہراہ کئی مقامات پر جم گئی، اگلے 24گھنٹوں تک سیاحوں کی زیارت جانے پر پابندی ہے، این50 ژوب ہائی وے کئی مقامات پر بند ہے۔

قومی خبریں سے مزید