• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں مسلمانوں کوپرتشدد اقدامات کا نشانہ بنایا جارہا ہے، شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کومتعصبانہ اور پرتشدد اقدامات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں اقلیتوں کے خلاف کی جانے والی پر تشدد کارروائیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایس ایس، بی جے پی حکومت پاکستانی ہائی کمیشن پر بے بنیاد اور  جھوٹے الزامات کی مہم شروع کرچکی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے پر بے بنیاد، جھوٹےالزامات کی اس مہم کا مقصد اپنے جرائم کو چھپانا ہے۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستانی ہائی کمیشن کو سفارتی ذمہ داریوں سے روکنا قابل مذمت حرکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کےتحت سفارتی عملے کی گرفتاری و تشدد مذموم اور انتہائی قابل مذمت حرکت ہے، مہم کامقصد مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانا ہے۔

شبلی فراز کا عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت کے ان اقدامات کا نوٹس لے، سفارتی وعالمی قانون کے منافی رویے پر بھارت کا محاسبہ کرے، بھارت خطے میں اپنے تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے، بھارتی شر پسندی اور توسیع پسندانہ سوچ چین کو بھی سرحد پر اپنی فوج لانے پر مجبور کر چکی ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نیپال سے متعلق بھی اسی نوع کی خبریں میڈیا میں آرہی ہیں، سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی بھارت کےخلاف جرائم کی فرد جرم ہے۔

تازہ ترین