• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ صنعتوں کو ہر ممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے، جبکہ معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے آئندہ بجٹ کے لئے ترجیحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

عمران خان نے کہا کہ سب سے زیادہ متاثرہ شعبوں کی نشاندہی کر کے آئندہ بجٹ میں انہیں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے غیرضروری سرکاری اخراجات کم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی اخراجات میں کمی لائیں۔

وزیراعظم نے سبسڈی کی فراہمی کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال اہم شعبوں میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کے شرکاء کو آئندہ بجٹ کے خدوخال پر بریفنگ دی، جبکہ عبدالحفیظ شیخ نے معیشت کی تازہ صورت حال اور حائل رکاوٹوں پر بھی اراکین کو اعتماد میں لیا۔

مشیر خزانہ نے خاص طور پر کورونا وباء کے نتیجے میں معاشی حالات کی تبدیلی سے تفصیلی آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق معیشت کی بحالی اور نمو کے لئے صنعت کو مراعات کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں غیرضروری سرکاری اخراجات کم کرنے، سبسڈی معقول بنانے، اصلاحاتی عمل کو تیز کرنے سمیت مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران کورونا سے متاثرہ معیشت کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کی تکمیل کے لئے نجی شراکت کو فروغ دیا جائے گا۔

تازہ ترین