حال ہی میں حنا الطاف کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے اداکار آغا علی نے صدف کنول اور شہروز سبزواری پر کی جانے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو دوسروں کی خوشی میں خوش ہونا سیکھنا چاہیئے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کسی کے ذاتی مسئلے کو عوامی مسئلہ بنا کر بےعزت کرنے سے پہلے سوچ لیا کریں کہ یہ آپ کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک طویل پیغام اسٹوری میں شیئر کیا جس میں انہوں نے شہروز سبزواری اور صدف کنول کو بھی ٹیگ کیا۔
اداکار نے اپنے پیغام میں لوگوں کی تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے لکھا کہ کسی کی ذاتی زندگی میں کیا چل رہا ہے، وہ کوئی فیصلہ کن وجوہات کی بناء پر لے رہا ہے، اس کا دل کس بات پر کتنا دُکھا ہے، یا وہ کسی فیصلے سے کتنا خوش ہے؟
انہوں نے لکھا کہ یہ تمام باتیں صرف وہ انسان خود، اس کے قریبی لوگ یا خدا کی ذات جانتی ہے۔
آغا علی نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی کسی کا مذاق اُڑانے اور کسی کے حساس مسئلے کو عوامی بنا کر بے عزت کرنے سے پہلے سوچیں کہ ایسا آ پ کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ جو رشتہ خدا کو پسند ہے اس رشتے پر کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہئے، کوئی انسان کوئی بھی رشتہ خوشی سے نہیں توڑتا۔
انہوں نے نوبیاہتا جوڑے صدف کنول اور شہروز سبزواری کی نئی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ آپ دونوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔
اداکار نے شہروز کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف اور ان کی بیٹی نورے کے بہتر مستقبل کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔