• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رکنِ قومی اسمبلی منیر اورکزئی انتقال کر گئے


جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی حاجی منیر خان اورکزئی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔

ایم این اے حاجی منیر اورکزئی کے بھتیجے عرفان اللّٰہ کے مطابق منیر اورکزئی کو صبح نماز کے لیے اٹھایا گیا تو وہ وفات پاچکے تھے۔

انہیں فوری طور پر چیک اپ کے لے سول اسپتال ٹل لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

ایم این اے حاجی منیر خان اورکزئی کی نمازِ جنازہ سہ پہر 3 بجے آبائی گاؤں مندوری میں اد اکی جائے گی۔

حاجی منیر اورکزئی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد مکمل صحت یاب ہوگئے تھے۔

وہ حلقہ این اے 45 اورکزئی سے جے یو آئی ف کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے حاجی منیر خان اورکزئی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: منیر اورکزئی کی قومی اسمبلی اجلاس میں طبیعت خراب

اسلام آباد سے جاری کیے گئے ایک تعزیتی بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے مرحوم حاجی منیر خان اورکزئی کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری نے حاجی منیر خان اورکزئی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں نیر بخاری نے کہا ہے کہ منیر خان اورکزئی ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور ممبرِ قومی اسمبلی تھے۔

تازہ ترین