• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں جعلی سینیٹائزر اور ماسک کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن

راچڈیل (نمائندہ جنگ) جعلی لیبلنگ اور جعلی حفاظتی سرٹیفکیٹ تیار کرکے برطانیہ میں ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک فروخت کرنے والوں کیخلاف برطانوی حکومت نے وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے جس کے دوران برطانیہ کے مختلف ائر پورٹس پر وبائی مرض کے شروع ہونے سے لے کر اب تک کئی ملینز پونڈ کے جعلی کورونا ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر قبضے میں لیے گئے ہیں۔ برطانوی ٹریڈنگ کا معیار جانچنے والے ادارے نے بتایا کہ ضبط کیے گئے ماسک اور لاکھوں جعلی ہینڈ سینیٹائزر پکڑے گئے ہیں جن پر جھوٹے دعوے اور جعلی سرٹیفکیٹ لگائے گئے تھے۔ اس سے قبل 4.254ملین ماسک جن پر جعلی حفاظتی سرٹیفکیٹ لگائے گئے تھے، کے لیبل کو تبدیل کرنا پڑا، مجموعی طورپر 2.25ملین ماسک 8ہزار جعلی سینیٹائزرجو دنیا کی دو معروف کمپنیوں کے نام سے تیار کیے گئے تھے، قبضے میں لیے گئے جوحفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتے، یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیرونی ممالک سے 5لاکھ ماسک برطانوی حفاظتی اقدامات کے معیار پر پورا اترے ہیں، جعلی ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر برطانیہ بجھوانے والوں نے اپنے ایڈریس بھی غلط لکھے تھے، ناقص درآمدات کو روکنے کے لیے ائر پورٹس ‘ بندرگاہوں اور دیگر راستوں پر بارڈرفورس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انتہائی محتاط اور چوکس ہیں، مختلف ایجنسیوں نے ایک دوکان سے برطانیہ میں تیار کردہ ہینڈ سینیٹائزر آن لائن فروخت کرنے والے دوکاندار کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں جعلی ہینڈ سینیٹائزر قبضے میں لیے جو وہ گھر پر ہی تیار کر رہا تھا،60ہزار جعلی ماسک بھی قبضے میں لیے گئے ہیں جو حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتے تھے، حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک خریدنے کیلئے آن لائن آرڈر نہ دیں بلکہ یہ سامان مستند فارمیسی پر جا کر حاصل کریں ۔

تازہ ترین