• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا نسل پرستانہ رویہ، ڈیرن سیمی کے بعد کرس گیل کی بھی مذمت

 ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل نے  امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے معاملے پر سیاہ فاموں کی حمایت میں آواز  اٹھاتے ہوئے کہا کہ باقی لوگوں کی زندگی کی طرح سیاہ فاموں کی زندگی بھی اہمیت رکھتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں کرس گیل نے انکشاف کیا کہ انہیں دنیا بھر میں سیاہ فام ہونے کی وجہ سے نسل پرستانہ جملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ نسل پرستی صرف فٹبال ہی نہیں بلکہ کرکٹ میں بھی ہے۔

کرس گیل کا کہنا تھا کہ سیاہ فام لوگوں کو بے وقوف سمجھنا چھوڑ دیں، انہوں نے بتایا کہ ٹیموں میں خود اپنے بارے میں بلیک طاقتور، بلیک مغرور جیسے الفاظ سنے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ریاست مینی سوٹا میں ایک سفید فام امریکی پولیس اہلکار سیاہ فام شخص کی گردن پر گھٹنہ رکھ کر بیٹھ گیا تھا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

اس واقعے کے بعد امریکا بھر میں طاقت کے اس غلط استعمال اور اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

تازہ ترین