• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرن سیمی نے امریکی سیاہ فاموں کے حق میں آواز بلند کردی

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے معاملے پر سیاہ فاموں کی حمایت میں آوازبلند کرتے ہوئے آئی سی سی سے سیاہ فاموں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا مطالبہ بھی کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار پیغامات میں ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سمیت دیگر بورڈز کو معاشرتی ناانصافی پر آواز بلند کرنی چاہیے، کیونکہ اب خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے۔

ڈیرن سیمی کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف امریکا کی بات نہیں ہے، ایسے واقعات ہر جگہ روزانہ ہوتے ہیں، اب خاموشی کی بجائے بولنے کا وقت ہے، میں آپ سب لوگوں کو سننا چاہتا ہوں۔

ڈیرن سیمی نے مزید لکھا کہ بہت لمبے عرصے تک سیاہ فام لوگ اس طرح کے واقعات برداشت کر رہے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ وہ سینٹ لوشیا میں ہیں اور جارج فلائیڈ کے قتل کے انسانیت سوز واقعے کی ویڈیوز دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے سوال کیا وہ سب بھی اپنی حمایت دکھا کر اس تبدیلی کا حصہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹس میں امریکی سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد بنایا جانے والا مقبول ہیش ٹیگ ’بلیک لائیوز میٹر‘ کا بھی استعمال کیا۔

سابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے امریکی سیاہ فام شہری کے حق میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر جارج فلائیڈ کی ویڈیو دیکھنے کے بعد بھی کرکٹ کی دنیا سیاہ فاموں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی تو وہ بھی اس مسئلے میں برابر کے شریک ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ریاست مینی سوٹا میں ایک سفید فام امریکی پولیس اہلکار سیاہ فام شخص کی گردن پر گھٹنہ رکھ کر بیٹھ گیا تھا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

اس واقعے کے بعد امریکا بھر میں طاقت کے اس غلط استعمال اور اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

تازہ ترین