• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیوفلمز ”ڈونکی کنگ“ نے ٹی وی پریمیئر کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

جیوفلمز ”ڈونکی کنگ“ نے ٹی وی پریمیئر کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے 


کراچی (محمد ناصر ) تاریخ ساز کامیابیاں سمیٹنے والی ”جیوفلمز“ اور طلسمین اینیمیشن اسٹوڈیوز کے تعاون سے تخلیق کی گئی جیو کی پہلی اور پاکستان کی سب سے بڑی فقید المثال بلاک بسٹر فلم ”دی ڈونکی کنگ“ نے پاکستانی تاریخ میں ورلڈ ٹی وی پریمیئر کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب عید پر ملک بھر کے تمام سینما گھر بند رہے لہٰذا عید کے پہلے دن چوبیس مئی کو شام سات بجے ”جیو ٹیلی ویژن“ نے ”ڈونکی کنگ“ کا شاندار ٹی وی پریمیئر نشر کرکے ناظرین کو گھر بیٹھے سنیما گھر کا لطف فراہم کیا اور اس طرح یہ فلم نو سے نوے برس کی عمر کے تمام افراد کیلئے سب سے بہترین تفریح کا ذریعہ بن گئی۔ طنز و مزاح سے بھر پور فلم کو گھر بیٹھے تمام افراد نے بھر پور انجوائے کیا اور ویور شپ کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے اوراس طرح فلم ”ڈونکی کنگ“ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹیلی ویژن پریمیئر بن گیا۔ ریٹنگ ایجنسی ”کنٹار میڈیا پاکستان“ کے مطابق اب تک جمع ہونے والے اعداد و شمار کے تحت ”ڈونکی کنگ“ نے بچوں اور بڑوں سمیت ہر عمر کے افراد کو اپنی جانب متوجہ کئے رکھا۔ یاد رہے کہ ”ڈونکی کنگ“ نے پاکستان میں ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے والی فلم ”طیفا ان ٹربل“ سے بھی ویورشپ کا ریکارڈ چھین لیا ہے کیونکہ ”ڈونکی کنگ“ کو مجموعی طور پر36.8 ملینز ایمپریشنز حاصل ہوئے ہیں۔ دوسری جانب جیو انٹرٹینمنٹ کے سی او او اسد قریشی نے ”ڈونکی کنگ“ کے ورلڈ ٹی وی پریمیئر کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”جیو انٹرٹینمنٹ“ہی وہ ادارہ ہے جس نے ماضی میں بلاک بسٹر فلم ”خدا کے لیے“ تیار کرکے پاکستانی سنیما کی بحالی کی بنیاد رکھی تھی۔ ”جیو“ نے حسب روایت ناظرین کی پسند کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دُنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی بلاک بسٹر فلم”ڈونکی کنگ“ کا ٹی وی پریمیئر پیش کرکے ایک بار پھر سب کا دل جیت لیا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ دُنیا بھر میں موجود کروڑوں ناظرین ”جیو انٹرٹینمنٹ“ کو اِس کے مقبول اور منفرد کانٹینٹ کی وجہ سے پسند کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ”جیو انٹرٹینمنٹ“ اب بلاک بسٹر فلمز کیلئے بھی ناظرین کا سب سے بڑا اور سب سے پسندیدہ پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ”ڈونکی کنگ“ کے کامیاب ٹی وی پریمیئر کے بعد عوام کی جانب سے ملنے والے زبردست ردِعمل پر ہم اپنے کروڑوں ناظرین کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ہم اپنے ناظرین کا دِل جیتنے کیلئے ایسی ہی شاندار فلموں کو ٹیلی ویژن کی زینت بناتے رہیں گے۔ دوسری طرف فلم کے ہدایتکار عزیز جندانی نے بھی ٹی وی پریمیئر کی کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ وعدہ کیا تھا کہ ”ڈونکی کنگ“ ہر عمر کے افراد کیلئے بہترین تحفہ ثابت ہوگی۔ فلم کے کامیاب ٹی وی پریمیئر اور ریکارڈ توڑ ویورشپ نے ہماری بات کی تصدیق کردی ہے۔ عزیز جندانی نے اپنے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ ”جیو“ کے تعاون سے مستقبل میں بھی بچوں اور بڑوں کیلئے شاندار اینی میٹڈ کانٹینٹ کے تحائف تیار کرکے اُن کی خوشیوں کو دوبالا کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ ”جیو انٹرٹینمنٹ“ نے ایک کے بعد ایک مقبول اور بلاک بسٹر فلموں کا ٹی وی پریمیئر پیش کیا یہی وجہ ہے کہ جیو پاکستان میں بلاک بسٹر فلموں کا حب تصور کیا جانے لگا ہے۔ یاد رہے کہ ”ڈونکی کنگ“ گذشتہ برس دوہزار اٹھارہ میں ریلیز کی گئی تھی ۔

تازہ ترین