• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ انگلینڈ: ٹریننگ کیمپ ممکن بنانے کیلئے کئی آپشن زیر غور

دورۂ انگلینڈ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ ممکن بنانے کے لیے کئی آپشن زیر غور ہیں۔ کیمپ کو مختصر ترین کرنے اور کیمپ پاکستان میں نہ لگانے کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے رضا مندی ظاہر کی ہوئی ہے۔

سیریز اگست میں شیڈول ہے جس کے لیے پاکستان ٹیم کا جولائی کے آغاز میں انگلینڈ جانے کا پلان ہے تاکہ سیریز سے قبل قرنطینہ کے علاوہ بائیو سیکیور ماحول میں ٹریننگ کر سکیں۔

پی سی بی نے جون کے پہلے ہفتے میں بائیو سیکیور ماحول میں کیمپ لگانے کا پلان بنایا اور کھلاڑیوں کو یہ کہا کہ شاید انہیں تین ماہ کے لیے بائیو سیکیور ماحول میں رہنا پڑے، لیکن اب ایسا ہوتا ہوا ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔

کیمپ کے لیے ایس او پیز اور گائیڈ لائنز تیاری کے مراحل میں ہیں، کھلاڑیوں کو ایک جگہ رکھنے کے چیلنج کے علاوہ سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے حکومتی اجازت بھی درکار ہے۔

کیمپ شروع ہوا تو کھلاڑیوں کو فیملی سمیت کسی غیر متعلقہ فرد سے ملنے کی اجازت بھی نہیں ہو گی جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہو گا۔ ایسے میں کئی ایک آپشز پر غورجاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ کو جون کے آخر میں مختصر وقت میں لگانے کے آپشن کے علاوہ کیمپ یہاں نہ لگانے کے بھی آپشن پر بات ہو رہی ہے۔

کھلاڑی انگلینڈ روانگی سے قبل اکٹھے ہوں اور کویڈ 19 ٹیسٹ کے علاوہ تمام طبی مراحل سے گزر کے انگلینڈ پرواز کر جائیں۔ کیمپ مختلف گروپس اور دو وینیوز پر لگانے کی بھی بات ہورہی ہے۔

ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ کئی آپشنز زیر غور ہیں، جن کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین