• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز شخصیات نے تشدد سے ہلاک ہونیوالی کم سن ملازمہ کیلئے آواز اٹھادی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی میں کبوتر اڑا دینے کی غلطی پر مالکان کے تشدد سے جان سے جانے والی کم سن گھریلو ملازمہ زہرہ شاہ کے معاملے پر شوبز انڈسٹری سے بھی بھرپور آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ اداکار عثمان خالد بٹ نے اپنی ٹویٹس میں کہا کہ اگر ہم تبدیلی چاہتے ہیں تو ہمیں چائلڈ لیبر سے متعلق قانون کیلئے بھرپور آواز اٹھانی ہوگی۔ماہرہ خان نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شیطان ہمارے درمیان آزادانہ گھوم رہے ہیں۔وینا ملک نے چند روپوں کیلئے کم عمر بچوں سے کام کروانے والے ان کے والدین پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ریاست پر قرض ہے کہ ایسے درندوں کو نشان عبرت بنائے، آخر انہیں کس نے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔شنیرا اکرم نے اپنی ٹویٹس میں گھریلو ملازمین کے مالکان کو پیغام دیا کہ جن کے گھر کام کرنے والے ملازمین کی عمر 14 سال سے کم ہے تو بے شک وہ آپ کے پرانے ملازمین کا بیٹا یا بیٹی ہے جو آپ کے ساتھ رہ رہے ہیں، آپ قانون توڑ رہے ہیں۔شنیرا نے واضح کیا کہ اگر آپ واقعی ایسے بچوں کی دیکھ بھال کرنا چاہتے ہیں تو کام پر انہیں اسکول بھیجیں۔اداکارہ ارمینا رانا خان نے بھی ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’’جسٹس فار زہرہ شاہ‘‘ لکھتے ہوئے آواز اٹھائی۔پولیس کے مطابق گھر کی صفائی کے دوران پنجرے سے 2 طوطے اڑ گئے تھے جس کے بعد مالکان نے زہرہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ زخموں کی تاب نہ لاسکی۔

تازہ ترین