• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمائما کی پاکستانی نژاد برطانوی ڈرائیور کو شاباشی

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے نسل پرستی کا پُرسکون انداز میں سامنا کرنے والے پاکستانی نژاد برطانوی ٹیکسی ڈرائیور کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

حال ہی میں جمائما گولڈ اسمتھ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک برطانوی مسافر پاکستانی نژاد برطانوی ٹیکسی ڈرائیور پر تنقید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ’آپ کے خیال میں آپ کون ہیں؟ آپ کو لگتا ہے کہ آپ خاص ہیں؟ آپ پاکستان سے ہیں اور تعجب کی بات یہ ہے کہ بھارت آپ پر بمباری کررہا ہے۔‘

مسافر کے یہ سب کہنے پر پاکستانی نژاد برطانوی ڈرائیور نے اپنا کام کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اِس کے بارے میں نہیں سوچتا کہ میں کون ہوں۔‘

ڈرائیور کی طرف سے سنجیدہ جواب کے بعد برطانوی مسافر نے پاکستانی ڈرائیور کو دھمکی دیتےہوئے کہا کہ ’آپ اِس وقت انگلینڈ میں ملازمت کر رہے ہیں اور آپ کو اِس ملک کا احترام کرنا چاہیے۔‘

اس کے بعد ڈرائیور نے کہا کہ’میں یہ ویڈیو فیس بُک پر اپ لوڈ کروں گا تاکہ دُنیا کو آپ کی بدسلوکی کے بارے میں معلوم ہو۔‘ 

یہ کہنے کے بعد ڈرائیور نے مسافر سے ٹیکسی سے اُترنے کا کہا جس پر برطانوی مسافر نے ’مسلمان ملک‘ سے تعلق رکھنے پر پاکستانی ڈرائیور کو مزید بُرا بھلا کہا ۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئےجمائما گولڈ اسمتھ نےلکھا کہ ’میں اس ڈرائیور کو شاباشی دینا چاہتی ہوں کہ اُس نے نسل پرستی کی آڑ میں اس بدسلوک رویے کو برداشت کیا اور پورے معاملے میں پُرسکون رہا۔‘

تازہ ترین