• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام’ ارطغرل غازی‘ دیکھ تو رہے ہیں، عمل نہیں کررہے: وینا ملک


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان اور اداکارہ وینا ملک نے ملک بھر میں کورونا کیسز کی تیزی سے مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے عوام’ ارطغرل غازی‘ دیکھ تو رہے ہیں لیکن عمل نہیں کررہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں اداکارہ نے عوام میں مقبول ترکش سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں بھی کورونا جیسی وبا آئی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے ناصرف اپنے جانور تلف کیے تھے بلکہ اپنے اہلِ خانہ کو قرنطینہ بھی کردیا تھا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جو قوم وبا سے بچنے والی احادیث پر عمل نہیں کرتی وہ ڈرامے پر کیا عمل کرے گی۔

ایک اور ٹوئٹ میں وینا ملک نے عوام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً تعلیم انسان کو شعور دیتی ہے لیکن ہمارے معاشرے میں ایسے پڑھے لکھے جاہل بھی ہیں جو کورونا کو ڈرامہ کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایسے لوگ دوسروں کو بھی سکھا رہے ہیں کہ جو مریض اسپتال جاتا ہے ڈاکٹر اسکو مار کر کورونا کے نام سے پیسے کھاتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’جاہلو! کورونا سے دنیا بھر میں ہزاروں ڈاکٹر بھی مرچکے ہیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے متاثرہ افراد کی اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 734 نئے مریض سامنے آ گئے جبکہ 1 دن میں 97 کورونا مریض جاں بحق ہو گئے جو ایک ریکارڈ ہے۔

تازہ ترین