• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: تحقیقاتی بورڈ نے لاہور ایئرپورٹ سے شواہد حاصل کرلیے

کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے طیارے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا، طیارہ حادثہ تحقیقاتی بورڈ نے لاہورائیرپورٹ سے بھی طیارےسے متعلق شواہدحاصل کرلیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثہ سے متعلق حاصل تمام ڈیٹا سیل کر کے تحقیقاتی بوڈر کے حوالے کردیا گیا، لاہور کنٹرول ٹاور، لاہور اپروچ، لاہور ایریا کنٹرول ٹاور سے ریکارڈ حاصل کیا گیا۔

ذرائع سول ایوی ایشن (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ کپتان کی لاہور، کراچی اے ٹی سی سے گفتگو کا ریکارڈ بھی تحقیقاتی بورڈ کےحوالےکیا گیا ہے، جبکہ ریڈار کی ویڈیو ریکارڈنگ ایم پی 4 کےفارمیٹ میں فراہم کی گئی ہے، جو تحقیقات میں معاون ہوگی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر ٹریفک کنٹرولر کے بیانات، لاگ بک اور ڈیوٹی روسٹر کی مصدقہ کاپیاں بھی بورڈ کے حوالے کردی گئی ہیں اور کراچی اے ٹی سی سے بھی تمام ضروری ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

کراچی ائیرپورٹ سےحاصل سیل شدہ ریکارڈ بھی تحقیقاتی بورڈ کے حوالے کیا گیا ہے، اے اے آئی بی نے اپنی تحقیقات کا دوسرا مرحلہ ایئرٹریفک کنٹرولر پر مرکوز کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی، لاہور اے ٹی سی سے ریکارڈ کی فراہمی کیلئے سی اے اے نےخط بھی لکھا تھا۔

تازہ ترین