• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی پیز سے معاہدے، 5 ٹی او آرز کیساتھ نئی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے حکومت نے5ٹی اوآرز کیساتھ نئی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ جب کہ چیئرمین آئی پی پی اے سی، خالد منصور کا کہنا ہے کہ ٹی او آرز سے متعلق نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، حکومت نے چیئرمین فیڈرل لینڈ کمیشن آف پاکستان بابر یعقوب فتح محمد کی سربراہی میں چاررکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے پانچ ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) ہیں۔ یہ کمیٹی آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے میں کی جانے والی تبدیلیوں پر مذاکرات کرے گی۔ سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے دی نیوز کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب خان کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی بنیادی کمیٹی ہے۔ جس میں بیرسٹر فروغ نسیم، شہزاد سید قاسم، محمد خشیش الرحمان اور نوید کامران شامل ہیں۔ سیکرٹری پاور ڈویژن مختلف سرکاری کمپنیوں جینکوز، نیوکلیئر پاور پلانٹس، واپڈا ہائڈل کمپنی اور آر ایل این جی سے چلنے والے پاور پلانٹس شامل ہیں، سے مذاکرات کررہے ہیں۔ ان سے جب پچھلی ذیلی کمیٹی جو کہ شہزاد سید قاسم کی سربراہی میں بنائی گئی تھی سے متعلق پوچھا گیا تو عرفان علی کا کہنا تھا کہ اس سے متعلق اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ تاہم، جب نئی ذیلی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے تو پچھلی کمیٹی ختم ہوجاتی ہے۔ ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین محمد علی بھی نئی ذیلی کمیٹی کے رکن ہیں۔ یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ آئی پی پیز نے وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب خان کو خط لکھ کر محمد علی کی رکنیت پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تاہم، 3 جون 2020 کے نوٹیفکیشن کے مطابق، بابر یعقوب کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی میں پاور ڈویژن کی نمائندگی جو کہ جوائنٹ سیکرٹری سے کم رینک کی نا ہوگی سابق چیئرمین ایس ای سی پی محمد علی، بیرسٹر قاسم ودود اور کمیٹی کے سیکرٹری کا فیصلہ مصالحتی کمیٹی کا چیئرمین کرے گا۔ حکومت کی تشکیل کردی کمیٹی آئی پی پیز سے قیمتوں میں تبدیلی، منافع کے فارمولے، سرمایہ کاری پر منافع اور داخلی شرح منافع کو ڈالرز سے پاکستانی روپے میں تبدیلی کے حوالے سے بات کرے گی۔ اس کے علاوہ لینا یا ادا کرنا سے لینا اور ادائیگی کرنے پر منتقلی کے نظام پر منتقلی کے حوالے سے بھی مذاکرات کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں جب خودمختار پاور پروڈیوسرز ایڈوائزری کونسل (آئی پی پی اے سی) کے چیئرمین خالد منصور سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹی او آرز سے متعلق نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا ہے۔ جب انہیں نوٹیفکیشن موصول ہوگا تب ہی وہ اپنا موقف پیش کرسکیں گے۔ البتہ جب نو تشکیل شدہ کمیٹی سے مذاکرات شروع ہوں گے تب وہ ٹی او آرز کا جائزہ لیں گے کہ وہ آئی پی پیز کے لیے قابل قبول ہیں یا نہیں۔

تازہ ترین